سیرت النبی ﷺ

⚠️ یہ کالم محض کالم نگار کی ذاتی رائے کی عکاسی کرتا ہے۔ انٹرنیشنل یونین آف رائٹرز اس کے مندرجات کا ذمہ دار نہیں۔

سیرت النبی ﷺ

حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرتِ طیبہ انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ آپؐ کی پوری زندگی سراپا رحمت، عدل، محبت، اور صبر کی ایک عظیم مثال ہے۔ آپؐ کی سیرت کا مطالعہ نہ صرف مسلمانوں بلکہ پوری انسانیت کے لیے ضروری ہے تاکہ وہ ایک بہتر انسان اور بہترین معاشرہ تشکیل دے سکیں۔
حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم 12 ربیع الاول کو مکہ مکرمہ میں پیدا ہوئے۔ آپؐ کا تعلق قریش کے معزز خاندان بنو ہاشم سے تھا۔ آپؐ کے والد محترم حضرت عبداللہ اور والدہ حضرت آمنہ تھیں۔ آپؐ بچپن ہی میں یتیم ہو گئے تھے، اور آپؐ کی پرورش پہلے دادا عبدالمطلب اور پھر چچا ابوطالب نے کی۔
آپؐ نے کبھی جھوٹ نہیں بولا، نہ کبھی کسی کا حق مارا۔ اہلِ مکہ آپ کو “الصادق” اور “الامین” کے لقب سے یاد کرتے تھے۔ آپؐ کی سچائی، دیانتداری اور اعلیٰ اخلاق نے دلوں کو فتح کر لیا۔ تجارت میں بھی آپؐ نے کبھی دھوکہ نہیں دیا، یہی وجہ ہے کہ حضرت خدیجہؓ نے آپؐ سے شادی کی خواہش کی۔
چالیس سال کی عمر میں آپؐ پر وحی نازل ہوئی اور آپؐ کو نبی مقرر کیا گیا۔ آپؐ نے سب سے پہلے توحید، عدل اور انسانیت کا پیغام دیا۔ آپؐ نے فرمایا: “لوگو، لا الہ الا اللہ کہو، فلاح پاؤ گے۔” مکہ کے کفار نے آپؐ کی مخالفت کی، آپؐ اور صحابہؓ کو اذیتیں دی گئیں، مگر آپؐ نے صبر و استقامت سے کام لیا۔
کفارِ مکہ کی زیادتیوں کے باعث آپؐ نے مدینہ ہجرت کی، جہاں آپؐ کا شاندار استقبال ہوا۔ مدینہ میں اسلامی ریاست کی بنیاد رکھی گئی، مسجد نبوی تعمیر کی گئی، اور مختلف قبائل کے درمیان بھائی چارہ قائم کیا گیا۔ آپؐ نے معاشرتی، سیاسی، اور عدالتی نظام کو عدل و انصاف پر استوار کیا.
آپؐ نے 27 سے زائد غزوات میں حصہ لیا، لیکن کبھی جنگ کو پسند نہیں کیا۔ ہمیشہ صلح اور معافی کو ترجیح دی۔ صلح حدیبیہ، فتح مکہ، اور دیگر مواقع پر آپؐ کا حلم و بردباری عیاں رہا۔ فتح مکہ کے موقع پر، جب آپؐ کو مکمل اختیار ملا، تو آپؐ نے دشمنوں کو معاف کر دیا اور فرمایا:
“جاؤ، تم سب آزاد ہو۔”
آپؐ کے اخلاق قرآن کا عملی نمونہ تھے۔ قرآن نے فرمایا:
“وَإِنَّكَ لَعَلَىٰ خُلُقٍ عَظِيمٍ”
(ترجمہ: بے شک آپؐ بلند اخلاق پر فائز ہیں.)
حضرت عائشہ صدیقہ نے بھی فرمایا کہ
آ پ صلی علیہ وآلہ وسلم مجسم قرآن تھے۔
آپؐ بچوں سے شفقت کرتے، عورتوں کے حقوق کا خیال رکھتے، غلاموں کو عزت دیتے، اور کمزوروں کا ساتھ دیتے۔
آپؐ نے 63 برس کی عمر میں دنیا سے پردہ فرمایا۔ آپؐ کی وفات مدینہ منورہ میں ہوئی اور آپؐ مسجد نبوی کے قریب دفن ہوئے۔ آپؐ کی جدائی امت کے لیے ایک بہت بڑا صدمہ تھی، لیکن آپؐ کی سیرت اور تعلیمات قیامت تک ہمارے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہیں.
حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت ہم سب کے لیے کامل نمونہ ہے۔ آپؐ نے دنیا کو جینے کا سلیقہ سکھایا۔ اگر آج ہم آپؐ کی سیرت کو اپنائیں تو ہمارا انفرادی و اجتماعی نظام بہتر ہو سکتا ہے۔ قرآن نے درست فرمایا:
“لقد کان لکم فی رسول اللہ اسوۃ حسنۃ”
(ترجمہ: تمہارے لیے رسول اللہؐ کی زندگی میں بہترین نمونہ ہے ۔)

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *