⚠️ یہ کالم محض کالم نگار کی ذاتی رائے کی عکاسی کرتا ہے۔ انٹرنیشنل یونین آف رائٹرز اس کے مندرجات کا ذمہ دار نہیں۔
آزاد کشمیر کے بنیادی مسائل :آواز بلند کرنے کاوقت آ گیا ہے
آزاد کشمیر کے لوگ برسوں سے اپنے بنیادی حقوق کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ تعلیم، صحت، روزگار اور رہائش جیسی بنیادی سہولیات سے محروم یہ خطہ آج بھی ترقی کی دوڑ میں پیچھے ہے۔ نہ تو یہاں اچھی سڑکیں ہیں اور نہ ہی معیاری ہسپتال جس کی وجہ سے لوگوں کی زندگی مشکلات سے بھرپور ہے۔ خاص طور پر موسم خراب ہونے پر دور دراز علاقوں تک پہنچنا انتہائی دشوار ہو جاتا ہے اور صحت کی ناقص سہولیات کے باعث مریضوں کو علاج کے لیے دور دراز شہروں کا سفر کرنا پڑتا ہے۔یہ مسائل صرف مشکلات کا باعث نہیں بلکہ ان مسائل کی وجہ سے آزاد کشمیر کی عوام کی زندگی میں بہت سی ناانصافیاں بھی جنم لے چکی ہیں۔
ایک بنیادی انسانی حق یعنی بہتر زندگی گزارنے کا حق جس سے یہاں کے لاکھوں افراد کو محروم رکھا گیا ہے۔ حکومت سے بارہا مطالبہ کیا گیا ہے کہ ان بنیادی سہولیات کو یقینی بنایا جائےلیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ ان کی آواز کو اکثر نظر انداز کیا جاتا ہے۔
آزاد کشمیر کے مسائل کی کئی وجوہات ہیں جن میں سب سے اہم وسائل کی کمی ہے۔ حکومت کے پاس مالی، انسانی اور تکنیکی وسائل محدود ہیں۔ خاص طور پر پہاڑی علاقوں میں انفراسٹرکچر کی تعمیر اور سہولیات پہنچانا ایک بڑا چیلنج ہے۔اس کے علاوہ سیاسی ترجیحات بھی ان مسائل کو پس پشت ڈالنے کا سبب بنتی ہیں۔ سیاسی اختلافات اور حکومتی توجہ کے انحراف سے عوام کے مسائل کی ترجیح کم ہو جاتی ہے۔ مزید برآں، سرکاری اداروں کی کمزوری، بدانتظامی اور بدعنوانی بھی اس صورت حال کو مزید خراب کرتی ہے۔جب لوگ اپنے حقوق کے لیے موثر انداز میں آواز بلند نہیں کرتے یا ان کی آواز حکومت تک نہیں پہنچتی تو مسائل کا حل مشکل ہو جاتا ہے۔ اس لیے عوامی نمائندوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان مسائل کو موثر انداز میں حکومتی فورمز تک پہنچائیں۔آزاد کشمیر کے مسائل کا حل صرف حکومت کی ذمہ داری نہیں بلکہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشترکہ کوششوں سے ممکن ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ آزاد کشمیر کے لوگوں کی آواز سنے اور ان کے مسائل کو ترجیح دے۔ ہر سطح پر شفافیت اور مؤثر انتظامی نظام قائم کیا جائے تاکہ وسائل کا بہتر استعمال ہو سکے ، بدانتظامی کا خاتمہ ہو اور لوگوں کو بار بار اپنے بنیادی حقوق کے حصول کے لئے سڑکوں پر نہ آنا پڑے۔
حکومت کو چاہئے کہ وہ مسائل کو دبانے کے بجائے اس پر کھل کر بات کرے اور مسائل کو سمجھ کر حل نکالے۔
یاد رکھیں مسئلہ دبانے سے نہیں بلکہ بات چیت اور سمجھوتے سے حل ہوتا ہے۔ اگر حکومت اور عوام دونوں مل کر کام کریں تو آزاد کشمیر کے مسائل جلد از جلد حل ہو سکتے ہیں اور یہاں کے لوگ خوشحال اور باوقار زندگی گزار سکتے ہیں کیونکہ ان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے بنیادی سہولیات کی فراہمی ناگزیر ہے۔ حکومت اور عوام دونوں کو چاہیے کہ وہ مل کر اس خطے کی بہتری کے لیے سنجیدہ اقدامات کریں۔ یہ وقت ہے کہ آزاد کشمیر کے لوگوں کی بات سنی جائے جو آج پھر اپنے بنیادی حقوق کے لئے سڑکوں پر ہیں. حکومت کو چاہئے کہ ان کی آواز کو سن کر مسائل کا جلد از جلد حل نکالے۔ یہی سب کے لیے ایک بہتر مستقبل کی ضمانت ہے۔
