محبت حکمت اور ادب تعلیمی اداروں کی کامیابی کا راز

⚠️ یہ کالم محض کالم نگار کی ذاتی رائے کی عکاسی کرتا ہے۔ انٹرنیشنل یونین آف رائٹرز اس کے مندرجات کا ذمہ دار نہیں۔

محبت حکمت اور ادب تعلیمی اداروں کی کامیابی کا راز

ایک تعلیمی ادارہ صرف کتابوں اور اسباق کا مجموعہ نہیں ہوتا بلکہ یہ ایک ایسا گلشن ہے جہاں بچوں کے ذہن ہی نہیں بلکہ دل بھی سنوارے جاتے ہیں۔ استاد کا کردار صرف معلم کا نہیں مربی رہنما اور شخصیت ساز کا بھی ہوتا ہے۔ لیکن اگر اس خوبصورت سفر میں محبت حکمت اور ادب نہ ہوں تو تعلیم بے روح اور تربیت بے اثر ہو جاتی ہے۔

آج ہمارے مدارس اور اسکولوں کو سب سے زیادہ جس چیز کی ضرورت ہے وہ آپس میں دلوں کا جڑاؤ
الفاظ میں نرمی اور اختلاف میں بھی وقار ہو ۔ چاہے استاد ہو یا انتظامیہ ناظم ہو یا نائب سب کو چاہیے کہ وہ حکمت کے دائرے میں رہ کر بات کریں اور محبت کے لہجے میں سمجھائیں۔ کیونکہ تلخی کبھی اصلاح نہیں لاتی صرف دل توڑتی ہے۔ اور دل جب ٹوٹے تو تربیت ختم ہو جاتی ہے۔
ہمیں یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ ۔ ادب کے بغیر علم بے فائدہ ہے ۔
محبت کے بغیر نظام بے برکت ہے۔
ور حکمت کے بغیر نصیحت بے اثر ہے۔

اگر کوئی غلطی ہو بھی جائے تو اس کی اصلاح ایسے کی جائے کہ عزت بھی باقی رہے دل بھی سلامت رہے اور تعلق میں دراڑ نہ آئے۔ ادارے وہی کامیاب ہوتے ہیں جہاں فیصلے مشورے سے بات ادب سے اور اختلاف محبت سے کیا جاتا ہے۔
محبت جب نیت بن جائے حکمت جب رویہ بن جائے اور ادب جب مزاج بن جائے۔ تو ادارے صرف کامیاب نہیں ہوتے وہ ایک روشن نسل تیار کرتے ہیں۔
لہٰذا آئیے! ہم طعن و تشنیع کے بجائے تربیت کا راستہ اپنائیں بحث و الجھاؤ کے بجائے حکمت اور دل کے جیتنے والا طرزِ عمل اختیار کریں۔ تب جا کر ہم وہ ماحول پیدا کر سکتے ہیں جس کا خواب ہر استاد ہر طالب العلم اور ہر والدین دیکھتا ہے۔

اللہ تعالیٰ ہمیں ایسے تعلیمی ادارے قائم کرنے کی توفیق دے جہاں محبت حکمت اور ادب کا چراغ روشن ہو اور نسلِ نو ایک باوقار باعمل بااخلاق اور باادب معاشرہ تشکیل دے آمین۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *