⚠️ یہ کالم محض کالم نگار کی ذاتی رائے کی عکاسی کرتا ہے۔ انٹرنیشنل یونین آف رائٹرز اس کے مندرجات کا ذمہ دار نہیں۔
محنت، خودی اور پرواز — اقبالؒ کا خواب
شاہین کی پرواز، خودی کی پہچان، اور عمل کی دعوت — یہی وہ تین ستون ہیں جن پر فکرِ اقبال کی عمارت کھڑی ہے۔علامہ محمد اقبالؒ محض ایک شاعر نہیں بلکہ ایک فکری انقلاب کے پیامبر ہیں۔ان کیشاعری ایک ایسی روشنی ہے جو دلوں کو منور اور ذہنوں کو بیدار کرتی ہے۔ اُنہوں نے غلام ذہنوں میں آزادی کا شعور اور مایوس دلوں میں یقینِ محکم کی چنگاری روشن کی۔ اُن کے کلام نے انسان کو یہ پیغام دیا کہ زندگی محض زیست نہیں، بلکہ مسلسل جدوجہد، عمل اور خودی کی تعمیر کا نام ہے۔اُن کا کلام انسان کو یہ احساس دلاتا ہے کہ زندگی جمود کا نہیں، بلکہ مسلسل جدوجہد اور عمل کا نام ہے۔
علامہ اقبالؒ کے نزدیک زندگی کا اصل مقصد صرف زیست نہیں، بلکہ اپنے ماحول، اپنے حالات اور اپنی تقدیر کو اپنے ارادے سے بدل دینا ہے۔ وہ محنت و مشقت کو عبادت کا درجہ دیتے ہیں اور انسان کو سستی و کاہلی کے دائرے سے نکال کر حرکت و عمل کے میدان میں لاتے ہیں۔ اُن کے نزدیک جدوجہد ہی زندگی کی روح اور ایمان کی اصل طاقت ہے۔
اقبالؒ کے مردِ مومن کی نگاہ بلند، گفتار دلنواز اور کردار جانسوز ہے۔ یہ مردِ مومن شاہین کی مانند بلند پرواز کرتا ہے — جو دوسروں کا مارا ہوا شکار نہیں کھاتا، آشیانہ نہیں بناتا بلکہ حریت اور خودداری کی فضا میں آزاد رہتا ہے۔ اقبالؒ نے نوجوانانِ ملت کے دل میں یہی شاہین صفت بیدار کرنے کی کوشش کی تاکہ وہ اپنی خودی پہچانیں، اپنی فکر آزاد کریں اور عمل کے ذریعے دنیا میں انقلاب برپا کریں۔ان کی شاعری عشق اور عقل، روح اور عمل، دل اور دماغ کا حسین امتزاج ہے۔ وہ دل کی گرمی اور فکر کی روشنی سے ایک ایسا متوازن انسان تراشتے ہیں جو اپنی تقدیر خود لکھتا ہے۔
اقبالؒ کے نزدیک ایمان کا مفہوم صرف عبادت نہیں، بلکہ تعمیرِ ذات اور خدمتِ خلق ہے۔ وہ انسان کو سکھاتے ہیں کہ اپنی قوت اور صلاحیت کو صرف اپنی ذات کے لیے نہیں، بلکہ انسانیت کی بھلائی کے لیے وقف کرو۔ ان کا مردِ مومن دنیاوی طاقتوں کو تسخیر کر کے بھی فقر و استغنا کی شان سے مالامال رہتا ہے۔
اقبالؒ کی فکر قرآن کے سرچشمے سے پھوٹتی ہے۔ وہ انسان کو دعوتِ عمل دیتے ہیں، یقینِ کامل عطا کرتے ہیں، اور بتاتے ہیں کہ خودی کی تعمیر سے ہی اُمت کا عروج ممکن ہے۔ اُن کے نزدیک خودی کوئی غرور نہیں، بلکہ اپنے اندر کی قوت، مقصد اور روحانی بیداری کا نام ہے۔
آج جب ہم مادیت، خود غرضی اور تقلید کے شکنجے میں جکڑے ہوئے ہیں تو فکرِ اقبال پہلے سے زیادہ زندہ اور ضروری معلوم ہوتی ہے۔ اقبالؒ کی شاعری ہمیں یاد دلاتی ہے کہ قومیں خواب دیکھنے سے نہیں، بلکہ بیدار ہونے سے بنتی ہیں۔
ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنی نسلِ نو کو اقبالؒ کا پیغام سمجھائیں، ان کے شاہین کی پرواز کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں۔ تبھی ہم وہ ملت بن سکتے ہیں جس کی بنیاد خودی، عمل اور ایمان پر استوار ہو.
یہ کالم / تحریر محض کالم نگار کی ذاتی رائے کی عکاسی کرتا ہے۔
انٹرنیشنل یونین آف رائٹرز اس کے مندرجات کا ذمہ دار نہیں۔
