ادب و ثقافت کے رنگ، ملاقات محبت کے سنگ، ساجد علی تمنا کی لاہور آمد
لفظوں کی بستی میں جب محبت اور ثقافت کے رنگ گھل مل جائیں تو محفل خوشبوؤں سے بھر جاتی ہے۔
انٹرنیشنل یونین آف رائٹرز کے ضلعی صدر میاں شمشاد حسین سرائی نے لیہ سے لاہور کی ادبی فضاؤں تک ایک محبت نامہ روانہ کیا،لاہور کی فضا میں محمد ساجد علی تمنا نائب صدر انٹرنیشنل یونین آف رائٹرز ضلع لیہ کی انٹرنیشنل یونین آف رائٹرز کے صدر پنجاب زوہیب رمضان بھٹی سے ملاقات ہوئی۔ یہ ملاقات صرف مصافحہ نہیں تھی، بلکہ دلوں کا ملاپ تھی۔ عمرہ کی ادائیگی کی سعادت حاصل کرنے پر مبارک باد کا نرالا انداز اپنایا گیا۔ محبت و ثقافت کا استعارہ سرائیکی اجرک اور خوشبوؤں سے مہکتا پھولوں کا گلدستہ ان کے نام کیا گیا۔
اس روح پرور لمحے میں مرکزی جنرل سیکریٹری جناب طاہر تبسم درانی اور ان کے صاحبزادے جناب محمد علی طاہر بھی شریکِ محفل تھے۔
محبت اور رفاقت کا یہ سلسلہ فون پر بھی جاری رہا، انٹرنیشنل یونین آف رائٹرز کے چیئرمین زبیر احمد انصاری اور انٹرنیشنل یونین آف رائٹرز کی مرکزی صدر ثمینہ طاہر بٹ سے لیہ میں ہونے والی تقریب حلف برداری پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ یوں یہ نشست محبت، ادب اور ثقافت کی ایک ایسی کہانی لکھ گئی جو لفظوں سے زیادہ دلوں میں محفوظ رہے گی۔
