قومی سطح پر اہلِ قلم کے درمیان روابط کو مزید فروغ دیا جائے گا، نعیم اشرف

قومی سطح پر اہلِ قلم کے درمیان روابط کو مزید فروغ دیا جائے گا، نعیم اشرف

انٹرنیشنل یونین آف رائٹرز کے کراچی ڈویژن کے صدر نعیم اشرف کی لاہور کے مختصر دورے کے موقع پر نبیلہ اکبر صدر لاہور خواتین ونگ انٹرنیشنل یونین آف رائٹرز کے ساتھ خصوصی ملاقات جس میں نہ صرف ادبی اور فکری موضوعات زیرِ بحث آئے بلکہ باہمی تعاون کے امکانات پر بھی تفصیل سے گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر محترمہ نبیلہ اکبر نے اپنی تنظیم کی علمی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے چند نایاب اور گراں قدر کتب بطورِ تحفہ پیش کیں۔ ان میں یونین کے چیئرمین جناب زبیر احمد انصاری کی معرکۃ الآرا تصنیف “میں، اللہ اور سائنس”، محترمہ رخسانہ افضل کی نثری نظموں پر مشتمل کتاب “دھیان کے دریچے”، محترمہ ساجدہ غلام محمد کی فکر انگیز تخلیق “بھنور” اور معروف سیرت نگار جناب عنایت اللہ سبحانی کی تحقیقی کتاب “محمد عربی ﷺ” شامل تھیں۔ تقریباً تیس منٹ تک جاری رہنے والی اس ملاقات میں تنظیمی امور پر سیر حاصل تبادلہ خیال کیا گیا۔ ادبی ہم آہنگی، فکری تبادلۂ خیال اور آئندہ اشتراکِ عمل کو مضبوط بنانے پر خصوصی زور دیا گیا۔ اس موقع پر محترمہ نبیلہ اکبر کو ان کے رفقائے کار سمیت کراچی کا دورہ کرنے کی دعوت دی گئی، تاکہ قومی سطح پر اہلِ قلم کے درمیان روابط کو مزید فروغ دیا جا سکے۔ یہ ملاقات بلاشبہ ملک بھر کے ادیبوں، محققین اور دانشوروں کو ایک متحد پلیٹ فارم پر لانے کی جانب ایک مثبت اور مؤثر قدم قرار دی جا رہی ہے، جس سے پاکستان کے ادبی منظرنامے میں ایک نئی روح پھونکنے کی توقع ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *