⚠️ یہ کالم محض کالم نگار کی ذاتی رائے کی عکاسی کرتا ہے۔ انٹرنیشنل یونین آف رائٹرز اس کے مندرجات کا ذمہ دار نہیں۔
جنگلات کی انسانی زندگی کے لیے اہمیت
اللہ تعالی ا نے اس کرہ ءارض کو بے شمار خزانوں سے نوازا ہےاور ایسا نظام دیا ہے جو انسانی بقاء کا ضامن ہے ۔ پھولوں سے اٹھکیلیاں کرتی ہوئی تازہ ہوا، جھلملاتے ہوئے سورج کی کرنیں، بہتے ہوئے دریا ،سکون نظر کے لیے مہکتے ہوئے پھولوں کی وادیاں ، آسمانوں سے محو گفتگو خزانوں سے بھرے کوہسار اور سونا اگلتی زمین ۔ ہماری زمین کی رنگینیوں کو دوبالا کرنے میں اور اللہ تعالی ا کے دیے ہوئے ان انعامات میں درخت لگانا اور ان کی حفاظت کرنا نہ صرف معاشی ترقی کے لیے ضروری ہے بلکہ اس کی بدولت اور بھی بہت سے فوائد کا حصول ممکن ہو جاتا ہے ۔ جنگلات نہ صرف انسانی جانوں کو قدرتی آفات سے محفوظ رکھتے ہیں بلکہ انسانی زندگی کے لیے بھی بڑی اہمیت رکھتے ہیں یہی وجہ ہے کہ ترقی یافتہ ممالک میں جنگلات کو بڑی اہمیت دی جاتی ہے ۔ جنگلات کے حسین اور دل فریب مناظر انسان کو ہمیشہ سے متاثر کرتے آئے ہیں ۔ درختوں کی بدولت نہ صرف انسان بلکہ مال مویشی اور زرعی فصلیں بھی تند و تیز ہواؤں اور آندھیوں سے محفوظ رہتی ہیں ۔ درختوں کی بدولت گرمی کی شدت میں کمی واقع ہوتی ہے ۔ درختوں کی وجہ سے آب و ہوا میں اعتدال پیدا ہوتا ہے ۔ جنگلات زمین کی زرخیزی کو برقرار رکھتے ہیں اور حسین و جمیل قدرتی مناظر سے زندگی کو پر لطف بناتے ہیں۔ ان کی وجہ سے بارش میں بھی کچھ حد تک اضافہ ہو جاتا ہے اور درختوں کی موجودگی بارش کے پانی کو براہ راست زمین پر ٹکرانے سے روکتی ہے ۔ درخت ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں ۔ جنگلات ہی کے وجود سے قیمتی لکڑی، بالن، ایندھن ،شراب و سرکہ، رنگ، کھیلوں کا سامان، فرنیچر، کشتیاں، بحری جہاز، پیکنگ باکس، ریل کے سیلپر ،گاڑیوں اور موٹروں کے حصے، زرعی اوزار، بارود ،تیر کمان، کنگھیاں، کھلونے ،زیبائشی مصنوعات، دیا سلائی ، ڈبیاں ،کھڑکیاں، دروازے ،پھٹے ،پیمانے ،پینسل، حقے، گانے کے ساز،تصویر کے چوکھٹ ،روئی، گدے ،شہد اور ریشم سازی کے علاوہ خوراک اور روزگار کے مواقع بھی حاصل ہوتے ہیں ۔ خالص آکسیجن کی فراہمی درختوں سے ہی ملتی ہے ۔ درخت فطرت کے بابرکت نمائندے سکون اور طمانیت بخش نعمت خداوندی ہیں ۔ پودوں پر کھلے پھول اور پتوں پر گری شبنم ہمیں ہیرے جواہرات سے زیادہ عزیز ہے اور ان اشجار کا حسن ہمیں آج بھی فطرت کے قریب کر دیتا ہے ۔ دراصل یہ ہرے بھرے اشجار نہ صرف بیش بہا فوائد کے حصول کا ذریعہ ہیں بلکہ کائنات کا حسن کہلاتے ہیں ۔ ان کے فوائد کے پیش نظر یہ کہنا بجا ہوگا کہ ہمیں درختوں کی پرورش ،حفاظت اور نشو نما پر بھرپور توجہ دینی چاہیے ۔
جنگلات کی اہمیت مسلمہ ہے۔ گزشتہ چند برسوں سے اس حوالے سے دنیا بھر میں ایک نئی حساسیت نے جنم لیا ہے ۔ جنگلات بارشوں کے زیادہ برسنے کا اہم سبب ہیں اور یہی بارش خوراک کی زیادہ پیداوار کا ذریعہ ہے ۔ عالمی مسلمہ معیارات کے مطابق کسی بھی ملک کے کم از کم 25 فیصد رقبے پر جنگلات کا ہونا ضروری ہے ۔
وطن عزیز اسلامی جمہوریہ ء پاکستان بہت پیارا ملک ہے اس کو ہرے بھرے لہلہاتے درخت اور رنگا رنگ پودوں کی ضرورت ہے ۔ درختوں کی حفاظت کرنا ہم سب کا فرض ہے ۔ قومی شجرکاری مہم کو شاندار کامیابی سے کنار کرنے کے لیے ہمیں من حیث القوم اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے ۔ ہم سب کو مل کر معاشرے میں ایک صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ہے ۔ اپنی صحت کا خاص خیال بھی رکھنے کی ضرورت محسوس کرنا ہوگی باقی پیارے قارئین پرہیز علاج سے بہتر ہے ۔
