خوشاب کی سرزمین — شاندار روایات کی اَمین

⚠️ یہ کالم محض کالم نگار کی ذاتی رائے کی عکاسی کرتا ہے۔ انٹرنیشنل یونین آف رائٹرز اس کے مندرجات کا ذمہ دار نہیں۔

خوشاب کی سرزمین — شاندار روایات کی اَمین

خوشاب… محض ایک نام نہیں، ایک احساس ہے۔ ایک ایسا احساس جو مٹی کی خوشبو سے شروع ہو کر دل کی گہرائیوں تک اتر جاتا ہے۔ یہ خطہ اپنی سادگی میں باوقار، اپنی تہذیب میں معتبر اور اپنی روایات میں بے مثال ہے۔ یہاں کا موسم ہو یا لوگوں کے لہجے، ہر چیز میں ایک ایسی مٹھاس، ایک ایسا وقار اور ایسی دیرینہ شرافت رچی بسی محسوس ہوتی ہے کہ انسان خود کو کسی قدیم داستان میں کھڑا پاتا ہے، جہاں کردار بدلتے رہتے ہیں مگر اقدار ہمیشہ قائم رہتی ہیں۔
یہ دھرتی صدیوں کے سفر سے گزرتے ہوئے بھی اپنی شناخت، اپنی حرارت اور اپنی دھڑکنوں کی تابانی برقرار رکھے ہوئے ہے۔ خوشاب کے پہاڑوں پر پڑنے والی صبح کی پہلی کرن سے لے کر شام کے ڈھلتے سورج تک، زندگی کا ایک ایسا طلسماتی احساس گردش کرتا ہے جو روح کو کسی اَن چھُوئی تازگی سے بھر دیتا ہے۔ یہ خطہ اپنے باسیوں کی بناوٹ، مزاج اور محبت میں اتنا جاذب ہے کہ یہاں آ کر دل کو قرار ملتا ہے اور روح کو شفاء۔
خوشاب کی مٹی صرف زمین کی حد تک ہی زرخیز نہیں؛ یہ مٹی کردار بھی پیدا کرتی ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے خوشاب سے تعلق رکھنے والے متعددقابل فخر سپوتوں نے مختلف شعبوں سے وابستہ ہوکر وطن عزیز اسلامی جمہوریہء پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔ یہاں کے لوگ سادہ مگر باوقار، خلوص میں ڈوبے ہوئے مگر مزاج میں مضبوط، مہمان نواز مگر اصولوں کے پیکر ہیں۔ ان کے دل میں خودداری کی روشنی ہے اور لہجے میں محبت کی خوشبو۔
یہاں کے گھروں میں دسترخوان محض بھوک مٹانے کا ذریعہ نہیں بلکہ محبت کے اظہار کا ایک مقدس فریضہ ہیں۔ مہمان کی خاطر تواضع یہاں روایت نہیں، عقیدہ ہے۔ بزرگوں کا احترام یہاں قانون نہیں، ورثہ ہے۔ اور رشتوں کی پاسداری یہاں مجبوری نہیں بلکہ نسلوں کی تربیت ہے۔
خوشاب کے گاوں جمالی بلوچاں سے تعلق رکھنے والے تھل کے معروف تاریخ دان راجہ حاجی احمد حیات نے ایک مرتبہ راقم الحروف (راجہ نورالہی عاطف ) کو بتایا تھا کہ خوشاب کی تاریخ اس دھرتی کے حسن کی طرح پُراسرار، گہری اور دل کو چھو لینے والی ہے۔ یہاں کے ریگزاروں میں بہادری کی داستانیں دفن ہیں، ندی نالوں کے پانی میں محبت کے ترانے بہتے ہیں، اور پہاڑی بستیوں میں سکون کے وہ خزانے آباد ہیں جو کہیں اور نایاب ہیں۔
یہ خطہ ہمیشہ سے اہلِ دانش، اہلِ ہنر اور اہلِ طبیعت لوگوں کا گہوارہ رہا ہے۔ یہاں وہ لوگ پیدا ہوئے جو اپنی علمیت سے چراغ روشن کرتے رہے، اپنے کردار سے معاشرے کو وقار بخشتے رہے، اور اپنی گفتار سے لوگوں کے دلوں میں روشنی بکھیرتے رہے۔ خوشاب کی روایات میں نہ تنگ نظری کی گنجائش ہے، نہ تکبر کی؛ یہاں سینہ فراخ، دل کشادہ اور لہجے نرم ہوتے ہیں۔
خوشاب کی سڑکیں صرف گھروں تک نہیں جاتیں، دلوں تک جاتی ہیں۔ یہاں کے چوک، کوچے اور دیہات صرف جغرافیائی اکائیاں نہیں بلکہ جذبات کے مسکن ہیں۔ لوگ یہاں رشتے خون سے نہیں، خلوص سے جوڑتے ہیں۔
خوشاب کے علاقوں تھل ، کدھی اور دامن مہاڑ سمیت دیگر علاقوں میں محفلیں ایسی ہوتی ہیں کہ گفتگو شائستگی کا پیرہن پہنے ہوئے ہوتی ہے، اختلاف بھی احترام کے دائرے سے باہر نہیں نکلتا۔ بزرگانِ خوشاب کی محفلوں میں بیٹھ کر ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے صدیوں کا علم اور تجربہ آج کے لمحے میں اتر آیا ہو۔
یہ دھرتی عجیب کشش رکھتی ہے۔ ایک طرف تھل کے ریگزار اپنی خاموشی میں فلسفہِ حیات پڑھاتے ہیں، تو دوسری طرف ہری بھری وادیاں زندگی کی لطافت اور اُمید کے رنگ دکھاتی ہیں۔ پہاڑ اپنے سینے پر زمانوں کی گواہیاں رکھتے ہیں اور ندی نالے حیات کے ترانے گاتے ہیں۔
یہ سب منظر خوشاب کی شخصیت کا وہ ادبی حوالہ ہے جو اسے دیگر خطوں سے ممتاز بناتا ہے۔ یہاں کے باسی اپنی دھرتی کے مزاج سے ہم آہنگ ہیں۔ اسی لیے ان کی گفتار میں ٹھہراؤ، کردار میں مضبوطی اور دل میں محبت کا سمندر موجزن رہتا ہے۔
وقت بدل رہا ہے، دنیا دوڑ رہی ہے، رویّے بدل رہے ہیں لیکن خوشاب ابھی بھی اپنی پرانی روایات کی مضبوط بنیاد پر قائم ہے۔ یہاں کے بزرگ نئی نسل کو محض نصیحت نہیں کرتے، انہیں روایت کا وہ ہنر سکھاتے ہیں جو انسان کو انسانیت کی بلندیوں تک لے جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ خوشاب کا نوجوان خواہ دنیا کے کسی بھی شہر میں رہے، اس کے لہجے میں اپنی مٹی کی خوشبو، اپنے خاندان کی تہذیب اور اپنی سرزمین کی شرافت جھلکتی رہتی ہے۔
خوشاب کی سرزمین دراصل ایک روایت کا سفر ہے، ایک تہذیب کا آئینہ ہے، ایک محبت کا دریا ہے، اور ایک ثقافتی گہوارہ ہے۔ یہاں کی مٹی آج بھی اپنی آغوش میں وفا، شرافت، سادگی، غیرت، بھائی چارہ اور محبت کو سنبھالے کھڑی ہے۔ یہ دھرتی محض ایک ضلع نہیں بلکہ ایک زندہ روایت ہے—اور روایتیں کبھی مٹتی نہیں، نسلوں میں منتقل ہوتی ہیں۔خوشاب ہمیشہ شاندار روایات کی امین رہی ہے، ہے، اور رہے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *